جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کی زیرِ نگرانی جہلم شہر میں صفائی ستھرائی کا عمل روزانہ کی بنیاد پر بھرپور انداز میں جاری ہے۔
شہر کو ماڈل سٹی بنانے کے ویژن کے تحت میکینکل واشنگ، میکینکل سویپنگ اور ڈور ٹو ڈور گاربج کلیکشن کے لیے آر ڈبلیو ایم سی کا عملہ جدید مشینری کے ہمراہ فیلڈ میں متحرک ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کے ویژن کے تحت شہر کی اہم شاہراہوں پر باقاعدگی سے میکینکل سویپنگ کی جا رہی ہے جبکہ قبرستانوں اور گنجان آبادی والے علاقوں کی صفائی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
آر ڈبلیو ایم سی کی فیلڈ ٹیمیں گلی محلوں میں گھر گھر جا کر کوڑا کرکٹ اٹھا رہی ہیں تاکہ گندگی کے ڈھیروں کا مستقل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ صفائی کے اس مربوط نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور صفائی کے کام میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے آر ڈبلیو ایم سی کے عملے کو ہدایت کی کہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے انجام دیں، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کوڑا کرکٹ نالیوں اور سڑکوں پر پھینکنے کے بجائے مقررہ کچرا کنڈیوں میں ڈالیں تاکہ جہلم کو ایک صاف، سرسبز اور مثالی شہر بنایا جا سکے۔
