جہلم: موسم گرما کے آغاز پر روزانہ سینکڑوں لیٹر ناقص و مضر صحت دودھ شہری علاقوں میں منتقل ہونے لگا۔ ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور بیکریوں میں سرعام مضر صحت دودھ کی فروخت جاری، شہری اور بچے مختلف مہلک بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردو نواح میں ناقص و غیر معیاری، مضر صحت دودھ کی فروخت پنجاب فوڈ اتھارٹی کیلئے چیلنج بن گئی ، موسم گرما کے آغاز پر روزانہ سینکڑوں لیٹر مضر صحت دودھ دیگر اضلا ع سے شہری علاقوں میں منتقل ہورہا ہے جبکہ شہر کے متعدد ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور بیکریوں میں سرعام مضر صحت دودھ استعمال کیا جارہاہے۔
ملاوٹ شدہ اور مضر صحت دودھ کے استعمال سے شہری اور بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں گلی محلوں میں فروخت ہونے والے مضر صحت دودھ کی روک تھام میں نا کام دکھائی دیتے ہیں۔ دوسرے شہروں سے مبینہ طور پر مختلف اقسام کے مضر صحت کیمیکلز کے آمیزے سے تیار کئے جانے والے دودھ کی فروخت کا انکشاف ہواہے۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ضلع جہلم کے ذمہ داران کو علی الصبح شہر کے داخلی راستوں پر دودھ چیک کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
