جہلم: سرائے عالمگیر، منڈی بہاؤالدین روڈ پر واقع نہر اپر جہلم کے کنارے حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث پیش آنے والے دلخراش حادثے نے جہلم کے رہائشی ایک ہی خاندان کی پانچ قیمتی جانیں نگل لیں۔
رواں ماہ پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں زندہ بچ جانے والی واحد خاتون عشرت جبین نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی روداد سنائی جو دلوں کو دہلا دینے والی تھی۔
عشرت جبین نے کہا کہ اگر نہر کے کنارے نئی تعمیر ہونے والی سڑک پر بروقت حفاظتی دیوار قائم کر دی جاتی تو آج ان کا پورا گھرانہ تباہ نہ ہوتا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ان کی دو بہنیں، بیٹی، بھابھی اور چھ ماہ کی نواسی جاں بحق ہوئیں اور اس سانحے کی مکمل ذمہ داری متعلقہ محکمے پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے حادثے کے وقت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جب ان کی گاڑی نہر میں گری تو ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے لوگوں سے مدد کی اپیل کی اور خود چھلانگ لگا کر انہیں بچایا، لیکن افسوس کہ دیگر افراد مدد کرنے کے بجائے سوشل میڈیا کے لیے ویڈیوز بناتے رہے۔ عشرت جبین نے عوام سے اپیل کی کہ خدارا ایسے مواقع پر انسانیت کا مظاہرہ کریں اور مدد کو اولین ترجیح دیں۔
متاثرہ خاتون نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اپر جہلم نہر کے کنارے حفاظتی دیوار فی الفور تعمیر کی جائے تاکہ آئندہ کسی اور خاندان کو ایسی اذیت سے نہ گزرنا پڑے۔
عشرت جبین کی درد بھری اپیل نے حکام بالا اور معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ایک آخری کوشش کی ہے۔ اب یہ وقت ہے کہ ذمہ دار ادارے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضروری حفاظتی اقدامات کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔
