پنڈدادنخان میں سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ، پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

پنڈدادنخان کے علاقہ کلس بیلہ کے قریب دوران ناکہ بندی سی سی ڈی ٹیم پر دو مسلح افراد کی فائرنگ، پولیس کانسٹیبل خوش قسمتی سے محفوظ، ساتھی کی فائرنگ سے ایک ملزم شدید زخمی جبکہ دوسرا ملزم فرار ہو گیا۔

ترجمان سی سی ڈی جہلم کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں سی سی ڈی ٹیم سب انسپکٹر راجہ عثمان تصدق کی سربراہی میں ناکہ بندی پر موجود تھی۔ مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ خوش قسمتی سے ایک گولی کانسٹیبل اسد سکندر کے ہیلمٹ پر لگی، جس سے وہ محفوظ رہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی اور مزاحمت پر ملزمان فرار ہونے لگے، تاہم ان کی فائرنگ سے ان کا ایک ساتھی زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت محمد عامر ولد رضیاعامر سکنہ گولپور تحصیل پنڈدادنخان کے طور پر ہوئی ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق محمد عامر سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم ہے جو چوری، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں متعدد بار گرفتار ہو چکا ہے۔ وہ 12 سے زائد موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں مطلوب تھا۔ چند روز قبل تھانہ دھریالہ جالپ کی حدود سے چوری شدہ موٹر سائیکل بھی اسی کے قبضے سے برآمد ہوئی تھی۔

ترجمان سی سی ڈی جہلم کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے بعد زخمی ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھی فرار ملزم کی شناخت محمد عثمان ولد نذر حسین سکنہ کھوتیاں تحصیل پنڈدادنخان کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس ریکارڈ کے مطابق خطرناک اور سابقہ جرائم پیشہ شخص ہے۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

Exit mobile version