کھیوڑہ میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر یوم مئی کے سلسلہ میں ریلی نکالی گئی

کھیوڑہ میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر یوم مئی کے سلسلہ میں ریلی نکالی گئی، مزدوروں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی گئی اور شگاگو میں مزدوروں کے حقوق میں جدوجہد کرنے کی پاداش میں ظالم سرمایہ دار کی گولیوں کو نشانہ بن کر جانوں کا نذرانہ دینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مزدوروں نے اپنے مطالبات اور ان کے حل کے لیے شدید نعرہ بازی کی۔
تفصیلات کے مطابق کھیوڑہ میں سالٹ رینج فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز ضلع جہلم کے زیراہتمام غریبوال سیمنٹ فیکٹری ایل سی آئی سوڈا ایش پی ایم ڈی سی کھیوڑہ ڈنڈوت سیمنٹ کمپنی مائنرزاینڈ کوائری یونین تحصیل بھر کے صحافتی براداری ودیگر ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کی ایک عظیم الشان ریلی بسلسلہ مزدوروں کے عالمی دن یوم مئی کے حوالے سے ریلی ایل سی آئی گیٹ تا شمامہ چوک تک نکالی گئی۔
ریلی کے آخر میں باقاعدہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک و نعت رسول مقبولﷺ سے کیا گیا، چوہدری یوسف ناز نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دئیے۔
ریلی میں مزدوروں اور ٹریڈ یونین کے نمائندگان چوہدری عبدالرحمٰن، ملک خالد، ملک نور حسین، چوہدری یوسف ناز، راجہ قیصر، ملک باصر کھوکھر، عابد حسین، مرزا فاروق ودیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آئے دن بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے پیش نذر مزدوروں کی کم از کم ہاہانہ تنخواہ 50ہزار روپے سے زیادہ کی جائے تاکہ ایک مزدور گھرانہ کم از کم اپنے بچوں کے لیے روٹی کپڑا اور کرایہ مکان کا بندوبست کر کے ایام زندگی کو چلا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے بین الاقوامی یوم مئی کے دن کی مناسبت سے شگاگو کے محنت کشوں کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی مہنگائی بے روز گاری اور لاقانونیت اور جان و مال کے عدم تحفظ کے دورے منظم اور بھرپور جدوجہد کا اعادہ کیا تاکہ اس سرمایہ دارانہ ظالمانہ دور میں پسے ہوئے مظلوم طبقات کے حقوق بحال کرائے جا سکیں۔
ریلی میں عرصہ زائد 4سال ڈنڈوت سیمنٹ فیکٹری کے سینکڑوں مزدوروں کی انتظامیہ فیکٹری کی طرف ملازمت سے برطرفی کو قانون اور معاہدہ کی خلاف ورزی قرار دیا گیا اور ڈنڈوت سیمنٹ کے مزدوروں کی سروس کی بحالی اور ظالمانہ اقدام کی روک تھام اور مزدوروں کے حقوق بحال کرنے کا بھرپور مطالبہ کیا اور مزدوروں کے حقوق کے حصول تک بھرپور جدوجہد کرنے کا اعادہ کیا۔
ڈنڈوت فیکٹری کے ریٹائرز اور فوت شدہ کارکنان کے سروس کے واجبات کی عدم ادائیگی کو انتظامیہ کا ظالمانہ عمل قرار دیا وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا کہ مزدور کی ماہانہ تنخواہ پچاس ہزار روپے سے زائد اور ڈنڈوت سیمنٹ کے مزدوروں کے بقایاجات دلوانے کے احکامات پر عملدرآمد کروایا جائے۔



