جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 182 گھروں اور 351 افراد کی چیکنگ

2

جہلم: دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیوں کا انعقاد کیا۔

ان کارروائیوں کے دوران ضلع کے مختلف علاقوں میں 13 مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں 182 گھروں اور 351 افراد کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔

پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں کی ویری فکیشن پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے کی گئی، جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کر کے مشکوک افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ ان اقدامات کا مقصد اشتہاری مجرمان، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاری کو یقینی بنانا ہے۔

جہلم پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشنز کا بنیادی ہدف ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی، جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی بیخ کنی اور شرپسند عناصر کو مذموم عزائم پر عمل درآمد سے باز رکھنا ہے، تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی اور شہریوں کی حفاظت جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

Exit mobile version