تعلیمی اداروں میں بار بار تعطیلات کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے لگیں

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں تعلیمی اداروں میں بار بار تعطیلات کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے لگیں، جس پر طلبہ کے والدین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
سرکاری و نجی سکولوں میں وقفے وقفے سے چھٹیوں اور تعلیمی نظام میں تعطل کے باعث طلبہ کا تعلیمی تسلسل متاثر ہو رہا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث نئی نسل کے بے راہ روی کا شکار ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
شہریوں کے مطابق دیگر شعبہ ہائے زندگی معمول کے مطابق جاری ہیں، مگر تعلیم کا شعبہ بار بار رکاوٹوں کا شکار ہو رہا ہے، جو نہ صرف طلبہ بلکہ پورے معاشرے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
والدین کا مزید کہنا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات بھی قریب ہیں، ایسے میں پہلے ہی سکولوں کی بندش نے بچوں کو گھروں اور گلی محلوں تک محدود کر دیا ہے۔ تعلیمی مصروفیات نہ ہونے کے باعث کئی بچے آوارہ گردی، موبائل فونز کے بے جا استعمال اور غیر مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی نظام کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچایا جا سکے اور ان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔



