پی ٹی آئی کا احتجاج؛ سوہاوہ میں جی ٹی روڈ کوبھی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا

سوہاوہ/ جہلم: پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے جی ٹی روڈ کو بھی مسہ کسوال کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ جی ٹی روڈ بند ہونے سے مسافر ذلیل و خوار ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کو روکنے کے لئے انتظامیہ نے دریائے جہلم کے پلوں اور منگلا پل کو بند کرنے کے بعد جی ٹی روڈ مسہ کسوال کے مقام پر کنٹینر کھڑے کرکےہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیاگیا۔
پل بند ہونے سے سڑک کے دونوں سائیڈ گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے جبکہ خواتین، بچے اور بزرگ پیدل چلنے پر مجبور ہیں۔
دریائے جہلم ٹول پلازہ کے مقام پر بھی تینوں پلوں کی بندش کی وجہ سے ٹریفک جام ہے، جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ جڑواں شہروں جہلم اور سرائے عالمگیر کے کاروباری افراد اورطلباء وطالبات بھی حصول علم کے لیے مشکلات کا شکار ہیں۔ مال برادر گاڑیاں اور مسافر گاڑیوں کو بھی دریائے جہلم ٹول پلازہ پرکھڑا کر دیا گیا۔
سیاسی کشمکش میں شہریوں کو آئے روز مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حکومت عوام کو سہولیات مہیا کرنے کی بجائے ہر ماہ رکاوٹیں کھڑی کرکے مسائل کاباعث بن رہی ہے۔



