بجلی کے بلوں میں 10 فیصد تک کمی کیسے لائی جاسکتی ہے؟

بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان پاکستانی شہری اب چند ہدایات پر عمل کر کے اس میں خاطر خواہ کمی لاسکتے ہیں۔

پاکستان کے ہر گھر میں لوگ اپنی ضروریات کے مطابق بجلی استمعال کرسکتے ہیں مگر کچھ لوگوں کی ایک چھوٹی سی غلطی یا عادت بجلی کے بلوں میں لگ بھگ 10 فیصد اضافے کا باعث بنتی ہے۔

بہت سے گھروں میں بیشتر افراد مختلف برقی مصنوعات کو آف کرنے کے بعد بھی پلگ سوئچ میں لگائے رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ مصنوعات ہر وقت کچھ نہ کچھ مقدار میں بجلی خرچ کرتی رہتی ہیں۔

اس طرح کی بجلی کو ویمپائر انرجی کی اصطلاح کے طور پر استمعال کیا جاتا ہے۔ محکمہ توانائی امریکا کے مطابق ہر سال بہت سے لوگ اس مد میں 100 سے 200 ڈالرز اضافی خرچ کر جاتے ہیں۔ یہ رقم پاکستان میں لاکھوں روپے بن جاتی ہے۔

پاکستانی ان مصنوعات کے پلگ نکال بجلی کے بلوں میں ہر ماہ کم از کم 5 سے 10 فیصد تک کمی لا سکتے ہیں۔ ان اشیاء میں کمپیوٹر آلات، ٹی وی، اسپیکر اور موبائل فون چارجر شامل ہے۔

کمپیوٹر گیجٹس

جب آپ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ استعمال کرتے ہیں تو یہ ڈیوائسز اس وقت بھی بجلی خرچ کر رہی ہوتی ہیں جب آپ اسے استعمال نہیں کر رہے ہوتے۔

امریکا کی بیکرلے نیشنل لیبارٹری کے مطابق ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کا پلگ اگر ہمیشہ لگا رہے تو وہ سال بھر میں 23 ڈالرز سے زائد کی اضافی بجلی خرچ کر دیتا ہے۔ اسی طرح مانیٹر 1 اعشاریہ 53 ڈالرز جبکہ موڈیم یا راؤٹر لگ بھگ 7 ڈالرز کی کی بجلی سال بھر میں خرچ کر دیتا ہے۔

یعنی یہ ڈیوائسز ایک سال میں 40 یا 50 ڈالرز کی اضافی بجلی خرچ کر دیتی ہیں یا ماہانہ 3 سے 4 ڈالرز خرچ ہوتے ہیں۔ پاکستان کے مطابق ہر ماہ یہ ڈیوائسز بجلی کے بل میں 1 ہزار روپے کے قریب اضافہ کرسکتی ہیں۔

ٹیلی ویژن (ٹی وی)

ریموٹ کنٹرول سے ٹی وی بند کرنے کے بعد بھی وہ بجلی خرچ کر رہا ہوتا ہے۔ اسٹینڈ بائی ٹی وی سال بھر میں 20 ڈالرز سے زائد کی اضافی بجلی خرچ کر دیتا ہے۔ اسی طرح سیٹ ٹاپ باکس پر ہر سال 50 ڈالرز کے قریب اضافی بجلی خرچ ہوتی ہے کیونکہ ان کا پلگ بھی ہر وقت آن رہتا ہے۔

اسپیکر

اگر آپ کے گھر میں اسٹیریو سسٹم موجود ہے تو وہ کافی بجلی خرچ کرتا ہے۔ آڈیو سسٹمز سال بھر میں 10 ڈالرز کی اضافی بجلی چوس لیتے ہیں تو ان کے پلگ نکال کر آپ ہر ماہ چند سو روپے کی بچت کر سکتے ہیں۔

موبائل فون چارجر

اب ہر گھر میں 2 سے 3 موبائل فونز موجود ہوتے ہیں اور ان کو روزانہ کئی بار چارج بھی کیا جاتا ہے۔ زیادہ تر افراد موبائل چارجر استعمال نہ کرنے پر بھی ان کے سوئچ آن رکھتے ہیں جس کے باعث چارجر بجلی خرچ کرتے رہتے ہیں۔

اسی طرح بیشتر افراد رات بھر اپنا فون چارج کرنے کے عادی ہوتے ہیں جس سے بھی بجلی کے بل میں ہر ماہ چند سو روپے کا اضافہ ہو جاتا ہے۔

Exit mobile version