کانسٹیبل محمد رمضان شہید کی 32ویں برسی، جہلم پولیس کے چاک و چوبند دستے کی سلامی

پنڈدادنخان: کانسٹیبل محمد رمضان شہید ساکن ڈھڈی تھل کی 32ویں برسی کے موقع پر پولیس افسران نے ان کی لحد پر حاضری دے کر خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کے احکامات پر ڈی ایس پی پنڈدادنخان، ایس ایچ او تھانہ للہ اور دیگر افسران نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل محمد رمضان 28 اپریل 1994 کو پنڈدادنخان میں تعینات تھے کہ انہیں روڈ ڈکیتی کی اطلاع ملی۔ موقع پر پہنچنے پر مسلح ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا، جہاں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر جامِ شہادت نوش کر گئے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ ہر سال 28 اپریل کو اس عظیم قربانی کو یاد کیا جاتا ہے، جب ایک بہادر پولیس اہلکار نے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس شہداء کی وارث ہے اور شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال اور ان کے مسائل کا حل پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور یہ ایک قرض ہے جسے ہر صورت ادا کیا جائے گا۔



