جہلم: ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کرتے ہوئے سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کیے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں 10 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 319 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق یہ آپریشن دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی، اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے۔ دورانِ آپریشن شہریوں کی پولیس ایپلی کیشن کے ذریعے ویری فکیشن بھی کی گئی۔
اس کے علاوہ، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کرتے ہوئے مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ ان آپریشنز کا مقصد مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن افراد کی گرفتاری کو یقینی بنانا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ سرچ آپریشنز کا بنیادی مقصد ناجائز اسلحہ و منشیات کی برآمدگی، مجرمان کی گرفتاری اور شرپسند عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں ناکام بنانا ہے۔
