ضلع جہلم میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں ہونے والے ٹریفک حادثات کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا اور حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ پولیس، ٹریفک پولیس، روڈ ٹریفک اتھارٹی، اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن، ریسکیو 1122، ہائی وے پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر سعید احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 2024 کے دوران ضلع جہلم میں مجموعی طور پر 3749 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں سے 3400 سے زائد حادثات موٹر سائیکل سواروں کے تھے۔ ان حادثات کے نتیجے میں 47 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جی ٹی روڈ پر پانچ ایسے مقامات ہیں جہاں حادثات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ ان حادثات میں کمی لانے کے لیے بڑی سروس روڈ کی تعمیر اور غیر ضروری یو ٹرن کے خاتمے کی ضرورت ہے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے حادثات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروانے، ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے اور غیر ضروری یو ٹرنز کو ختم کرنے کا حکم دیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک طارق شفیع کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹریفک حادثات میں کمی کے لیے عوامی آگاہی مہم بھی ضروری ہے تاکہ شہری ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنا سکیں۔



