سول ہسپتال جہلم میں بدانتظامی کے باعث روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بدانتظامی کے باعث روزانہ کی بنیاد پر آنے والے درجنوں مرد و خواتین مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کروڑوں روپے کے فنڈز مختص ہونے کے با وجود مریضوں کا بروقت علاج معالجہ اور ادویات فراہم نہیں کی جارہی ، فارمیسی عملہ کی غفلت کے باعث لمبی قطاروں میں صبح سے شام تک مریضوں کو ذلیل و خوار کیا جانے لگا۔ ہسپتال کے دیگر امور بری طرح متاثر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کے سب سے بڑے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں بدانتظامی کے باعث روزانہ کی بنیاد پر درجنوں مریض شدید مشکلات سے دوچار دکھائی دیتے ہیں ، دوسری جانب فارمیسی کے عملے کی غفلت و عدم دلچسپی کے باعث صبح سے شام تک مریض ادویات کی وصولی کے لئے لمبی قطاروں میں ذلیل وخوار ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ضلع کے سب سے بڑے ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کے لئے ادارہ تو قائم کردیا گیا مگر یہاں تعینات ایڈمنسٹریٹر، ڈاکٹرز اور عملہ کی جانب سے نامناسب رویے کے باعث مریضوں کے ساتھ آنے والے لواحقین بھی مریض بنتے جارہے ہیں۔
دور دراز کے علاقوں سے آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں انہیں صحیح طور پر چیک بھی نہیں کیا جاتا ڈاکٹرز کے ساتھ موجود ناتجربہ کار ڈاکٹرز مریضوں پر تجربات کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ جبکہ سینئر ڈاکٹرز خوش گپیوں میں مصروف اور موبائل استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
مریضوں اور ان کے لواحقین نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ، نگران صوبائی وزیر صحت، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری صحت سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں تعینات ذمہ داران کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔



