لنک روڈ پڑی درویزہ پر برساتی نالے کی متاثرہ پلی کی مرمت کے لیے فنڈز کے اجرا کا مطالبہ

پڑی درویزہ: لنک روڈ پڑی درویزہ کے درمیان برساتی نالے پر تعمیر شدہ پلی کی مرمت کے لیے منظور شدہ فنڈز کے اجرا میں تاخیر پر علاقہ مکینوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ اور حلقہ این اے 60 جہلم کے رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے حکومت پنجاب سے منظور شدہ فنڈز کے اجرا کے لیے رابطہ کریں تاکہ پلی کی مرمت کا کام جلد شروع ہو سکے۔

تفصیلات کے مطابق سوہاوہ چکوال روڈ کے بائیں جانب تقریباً تین کلومیٹر کے فاصلے پر لنک روڈ پڑی درویزہ واقع ہے۔ اس سڑک کی ابتدائی تعمیر 1960ء کی دہائی میں تحریکِ فلاحِ دیہات کے تحت علاقے کی معروف شخصیت اور سابق ایس پی راجہ عنایت اللہ خان (ستارہ قائداعظم) کی تحریک پر عمل میں آئی تھی۔ اس سڑک کا افتتاح 26 ستمبر 1969ء کو کمشنر راولپنڈی ڈویژن مرزا رفیق عنایت، سی ایس پی (ستارہ قائداعظم) کے ہاتھوں ہوا تھا۔

طویل عرصے کے دوران مختلف وقفوں کے بعد بالآخر 2020ء سے 2022ء کے دوران سابق رکن صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال کی کوششوں سے اس لنک روڈ کو نئے سرے سے کارپٹ روڈ کی صورت میں تعمیر کیا گیا۔ مذکورہ سڑک کے درمیان برساتی نالے پر ایک پلی بھی تعمیر شدہ ہے، جو گزشتہ سال 2025ء کے موسمِ برسات میں ہونے والی موسلادھار بارشوں کے باعث شدید متاثر ہوئی اور اس کی حالت خراب ہو گئی۔

مقامی سماجی کارکنان نے جہلم میں منعقدہ مغلیہ کنونشن کے موقع پر مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو ایک درخواست پیش کی تھی، جس میں پلی کی مرمت کے لیے خصوصی گرانٹ کی منظوری کی استدعا کی گئی۔ اس درخواست کے نتیجے میں فنڈز کی منظوری تو دے دی گئی، تاہم تاحال مرمت کے لیے منظور شدہ رقم محکمہ شاہرات پنجاب، ضلع جہلم کو منتقل نہیں ہو سکی، جس کے باعث عملی کام شروع نہیں ہو پایا۔

لنک روڈ سے ملحقہ آبادیوں کے رہائشیوں اور بالخصوص موٹر سائیکل سواروں میں پلی کی خستہ حالی کے باعث شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق پلی کی حالت دن بدن مزید خراب ہو رہی ہے اور کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آنے کا خدشہ موجود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب بھی محکمہ شاہرات پنجاب ضلع جہلم سے مرمت کے منصوبے کے بارے میں معلومات حاصل کی جاتی ہیں تو یہی جواب دیا جاتا ہے کہ فنڈز موصول ہونے کے بعد ہی کام شروع کیا جا سکے گا۔

اس صورتِ حال کے پیش نظر یونین کونسل نمبر 6 پڑی درویزہ، صدر مقام اور گردونواح کے عوامی و سماجی حلقوں نے وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ اور حلقہ این اے 60 جہلم کے رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ تقریباً ڈیڑھ سال قبل منظور ہونے والے فنڈز کے اجرا کے لیے حکومت پنجاب سے فوری رابطہ کریں۔

علاقہ مکینوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ حلقہ این اے 60 جہلم میں تمام نامکمل ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی جلد منظوری اور اجرا کو یقینی بنایا جائے تاکہ عرصہ دراز سے زیرِ التوا منصوبے مکمل ہو سکیں اور ان میں لنک روڈ پڑی درویزہ کے درمیان واقع برساتی نالے کی پلی کی مرمت کا منصوبہ بھی ترجیحی بنیادوں پر پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button