جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جہلم کی دو قومی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کردیا۔
جہلم کے حلقہ این اے 60جہلم ون سے بلال اظہر کیانی اور حلقہ این اے 61 جہلم ٹو سے چوہدری فرخ الطاف کو ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست حلقہ پی پی 24 جہلم سے ٹکٹ جاری نہیں کیا۔
گزشتہ رات پاکستان مسلم لیگ ن نے جہلم کے حلقہ پی پی 25 سے چوہدری ندیم خادم اور حلقہ پی پی 26 سے ناصرمحمود للِہ کو ٹکٹ جاری کیا تھا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے نوابزادہ مطلوب مہدی، چوہدری عابد اشرف جوتانہ، مہر فیاض، راجہ اویس خالد، چوہدری لال حسین ، کرنل (ر) زاہد حسین شیرازی ، چوہدری سعید، بیرسٹر تیمور جٹ اور بہت سارے درینہ راہنماء ٹکٹ کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔
این اے 61 سے جیت کر جہلم کو مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ثابت کریں گے، چوہدری فرخ الطاف
جہلم: حلقہ این اے 61 جہلم ٹو سے مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ ملنے کے بعد سابق ایم این اے چوہدری فرخ الطاف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قائدین کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اعتماد کیا اور مجھے این اے 61 سے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ یہ سیٹ جیت کے جہلم کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ثابت کریں گے۔
نوابزادہ طالب مہدی کا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان
جہلم: نوابزادہ طالب مہدی نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حلقہ این اے 61 جہلم ٹو سے چوہدری فرخ الطاف کو ٹکٹ جاری ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے نوابزادہ مطلوب مہدی کے بھائی نوابزادہ طالب مہدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ این اے 61 سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑوں گا۔
بعد ازاں نوابزادہ طالب مہدی نے اپنے فیس بک پیج سے پوسٹ ڈیلیٹ کر دی۔
نوابزادہ ہاؤس میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجود سیاسی صورتحال میں یقیناً پارٹیاں اور امیدوار مخصوص حالات کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرتیں ہیں، ایک فیصلہ پارٹی نے آج کیا ہے اور اس فیصلہ کے حوالے سے آئند کا لائحہ عمل تمام دوست احباب و بزرگوں کے علاوہ نوابزادہ اقبال مہدی (مرحوم) کے دھڑے کی مشاورت سے کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ قبل ازوقت کسی بھی قسم کی بیان بازی ایک غیر دانشمندانہ عمل ہوتی ہے لہٰذا تمام احباب تحمل کا مظاہرہ کریں ۔
مسلم لیگ (ن) نے حلقہ پی پی25 اور پی پی 26 سے امیدواروں کا اعلان کر دیا
جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جہلم کی نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستا ن مسلم لیگ ن نے ضلع جہلم سے امیدواروں کا اعلان کیا، جہلم کے حلقہ پی پی 25سے چوہدری ندیم خادم اور حلقہ پی پی 26 سے ناصرمحمود للِہ کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 60 جہلم I، این اے 61 جہلم II جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست حلقہ پی پی 24 جہلم سے ٹکٹ جاری نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ چلنے والی مشاورت کی وجہ سے ن لیگ نے حلقہ پی پی24 سے نشست پر امیدوار کو ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ اس کے علاوہ آئی پی پی کے ساتھ این اے 60 اور این اے 61 جہلم پر بھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف چھوڑنے والے چوہدری فرخ الطاف این اے ساٹھ جبکہ این اے61 سے مطلوب مہدی ن لیگی ٹکٹ کے مضبوط امیدوار ہیں۔ اس کے علاوہ پی پی 24 میں بلال اظہر کیانی، مہر فیاض اورسابق ایم پی اے اویس خالد مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے امیدوار ہیں اور اس نشست پر بھی استحکام پاکستان پارٹی سے بات چیت جاری ہے۔
اسی طرح پی پی چوبیس سے راجہ یاور کمال تحریک انصاف چھوڑ کر تحریک استحکام پاکستان میں شامل ہوئے تھے، جن کے حق میں آئی پی پی کے مذاکرات چل رہے ہیں۔
