جہلم: ضلع جہلم میں عیدالاضحیٰ کے تین دن ریسکیو اہلکار عوام کی خدمت کے لیے موجود رہے اور مجموعی طور پر 215 افراد کو ریسکیو کیا، عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں 50 افراد مختلف حادثات میں زخمی ہوئے۔
انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122جہلم نے کہا کہ عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر جہاں پر لوگ اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منانے میں مصروف تھے وہیں پر عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ریسکیورز عوام کی خدمت کے لیے موجود رہے۔ ریسکیو اہلکار دن ہو یا رات 24 گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے لئے اپنی خدمات پیش کرتے رہے ۔
انہوں نے بتایا کہ عید کے تین دنوں میں ریسکیو (1122) ہیلپ لائن پر 1092کالز موصول ہوئیں جس میں سے 204 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان 204 ایمرجنسیز پر رسپانس کر کے 215 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا۔ان 204 ایمرجنسیز میں سے روڈ ٹریفک حادثات کی تعداد 43 رہی اور ان حادثات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 50 ہے۔
انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122جہلم نے کہا کہ میڈیکل ایمرجنسیز کی تعداد 135، اونچائی سے گرنے کے8 ، کرائم ایمرجنسی کی تعداد 4 اور آ گ لگنے کے 14 واقعات رونما ہوئے جبکہ متفرق ایمرجنسیز کی تعداد 20 رہی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کا ارادہ عوام کا اپنا ارادہ ہے اور ہمارا مقصد عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔
