سوہاوہ: تھلہ چوہدریاں میں واقع دارالعلوم محمدیہ غوثیہ میں سالانہ دستارِ بندی اور عظیم الشان روحانی و مذہبی جلسہ منعقد ہوا، جس میں عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جبکہ معروف ثناء خواں قاری نعمان انور اور حافظ ابرار احمد نے اپنے خوبصورت انداز میں نذرانۂ عقیدت پیش کر کے محفل کو گرما دیا۔
پنڈی بھٹیاں سے تشریف لائے معروف عالمِ دین قاری عبدالوحید صدیقی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے قرآنِ پاک کی اہمیت و فضیلت پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو دینی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض علامہ شکیل احمد وارث نے انجام دیے جبکہ تقریب کا اختتام پیر سید ریاض حسین شاہ آف جابہ شریف کی رقت آمیز دعا پر ہوا، جس میں ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر 6 خوش نصیب طلبہ نے حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی، جن کی باقاعدہ دستارِ بندی کی گئی۔ ان میں حافظ محمد ابراہیم، حافظ محمد حسنین، حافظ محمد ذوالقرنین، حافظ محمد شمس الدین، حافظ محمد توصیف اور حافظ محمد صائم شامل ہیں۔
حفاظِ کرام کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور اساتذہ و معززینِ علاقہ نے انہیں اور ان کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ حاضرین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان حفاظ کو دینِ اسلام کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔
