جہلم کے علاقہ دارا پور میں سابق ایم این اے نوابزادہ مطلوب مہدی اور نوابزادہ طالب مہدی کی جانب سے بہت بڑے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔
اجتماع میں حلقہ این اے 61 جہلم ٹو سے ن لیگ کے امیدوار چوہدری فرخ الطاف، مسلم لیگ (ن) جہلم کے ضلعی صدر حافظ اعجاز احمد جنجوعہ، حلقہ پی پی 26 سے لیگی امیدوار حاجی ناصر للِہ سمیت لیگی رہنماؤں اور ورکرز نے بھرپور شرکت کی۔
اجتماع سے نوابزادہ طالب مہدی نے خطاب کیا اور پارٹی پالیسی کو تسلیم کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدواران کی حمایت کا اعلان کیا اور مسلم لیگ ن کو دونوں سیٹیوں سے کامیاب کرانے کے عزم کا آعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو چوہدری فرخ الطاف کو کامیاب کروائیں گے، ہم یہ دونوں سیٹیں جیت کر دیں گے۔
تقریب سے ضلعی صدر حافظ اعجاز احمد جنجوعہ نے خطاب کرتے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کریں، ہم یہ دونوں سیٹیں جیت کر میاں نواز شریف کو کامیاب بنائیں۔
چوہدری فرخ الطاف نے دونوں بھائیوں کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے ورکر کو اسی طرح پیار ملے گا جس طرح وہ خود اپنے ورکر کو پیار دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل نوابزادہ مطلوب مہدی، طالب مہدی اور چوہدری فرخ الطاف نے شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں مطلوب مہدی اور طالب مہدی الیکشن سے دستبردار کیا تھا اور دونوں بھائیوں نے چوہدری فرخ الطاف کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے حلقہ این اے 61 جہلم ٹو سے نوابزادہ مطلوب مہدی کی جگہ چوہدری فرخ الطاف کو اپنا امیدوار نامزد کرتے ہوئے پارٹی ٹکٹ جاری کیا تھا جس سے نالاں ہو کر مطلوب مہدی کے بھائی نوابزادہ طالب مہدی نےحلقہ این اے 61 سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیاتھا۔
