جہلم: عالمی یوم انسدادِ تمباکو نوشی کے موقع پر ضلعی ہیلتھ اتھارٹی جہلم کے زیر اہتمام ڈی ایچ ڈی سی جہلم میں ایک آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد تمباکو نوشی اور دیگر تمباکو مصنوعات کے مضر اثرات سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنا تھا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جواد احمد، ضلعی ہیلتھ آفیسر جہلم اور ڈاکٹر نثار خالد، پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی جہلم نے تمباکو نوشی سے پیدا ہونے والی سنگین بیماریوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی دل کے امراض، پھیپھڑوں کی بیماریوں، فالج اور مختلف اقسام کے کینسر سمیت کئی جان لیوا بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمباکو سے پاک معاشرے کے قیام اور عوامی آگاہی کے لیے ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔
سیمینار کے بعد ایک آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ صحت کے افسران، طبی عملے، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے تمباکو نوشی کے نقصانات اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر ضلع جہلم کے تمام تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور دیہی مراکز صحت میں بھی عالمی یوم انسدادِ تمباکو نوشی کے حوالے سے آگاہی سیمینارز اور واکس کا اہتمام کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد بالخصوص نوجوان نسل کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور انہیں صحت مند عادات اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔
ضلعی محکمہ صحت جہلم کے زیر اہتمام منعقدہ ان تقریبات میں تمباکو نوشی کے خاتمے، صحت مند معاشرے کے قیام اور عوامی شعور کی بیداری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مقررین نے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو تمباکو نوشی اور دیگر نشہ آور اشیاء سے دور رکھنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں تاکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
