جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم سنیہ صافی نے کہا ہے کہ سیلاب سے قبل بھرپور تیاری نہایت ضروری ہے تاکہ بروقت شہریوں کے جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہدایات پر ریسکیو 1122 سنٹرل اسٹیشن جہلم میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے استعمال ہونے والے آلات اور سامان کی انسپکشن اور ٹیسٹنگ کی گئی، جس کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر فرحان مرزا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فلڈ سیکٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، ریسکیو ٹیموں کی تعیناتی اور ہنگامی انخلاء کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
دوسری جانب تحصیل ریسکیو اسٹیشن پنڈدادنخان میں بھی اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت نے سیلابی آلات کا جائزہ لیا، جبکہ میونسپل کارپوریشن جہلم، دینہ اور سوہاوہ کے آلات کی بھی انسپکشن کی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی نے آلات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی مدد کے لیے تمام ادارے مشترکہ طور پر کام کریں اور اپنی تیاری مکمل رکھیں۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے، نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کو یقینی بنانے اور ندی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔ ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کا حکم دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
