جہلم: ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن شیخ ناصر محمود نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور بدعنوانی میں ملوث کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
تھانہ اینٹی کرپشن جہلم میں منعقدہ کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر شیخ ناصر محمود نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چھٹہ کی زیرِ نگرانی جہلم سمیت پنجاب بھر میں کرپشن کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک وہ راولپنڈی ریجن میں تعینات ہیں، کرپشن کے معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور بدعنوانی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ اگر کسی شخص کو کسی سرکاری ادارے میں کرپشن یا بدعنوانی کے حوالے سے شکایت ہو تو وہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی سرکاری ہیلپ لائن 1350 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ Report Corruption App کے ذریعے بھی شکایت درج کرائی جا سکتی ہے، جہاں شناخت ظاہر کیے بغیر کرپشن کی اطلاع دینے کی سہولت بھی موجود ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ اگر کسی سرکاری ادارے میں موجود افسر یا ملازم کی جانب سے رشوت یا بدعنوانی کا مطالبہ کیا جائے تو معاملہ وقوع پذیر ہونے سے قبل اینٹی کرپشن حکام کو اطلاع دی جائے، تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے کرپشن کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
شیخ ناصر محمود نے کہا کہ شہریوں کے تعاون اور بروقت اطلاع کے ذریعے سرکاری اداروں میں بدعنوان عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے، جبکہ کرپشن کے خاتمے کے لیے ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
