عوام کو پٹرول کی قیمتوں میں ریلیف دینا حکومت کی ترجیح ہے، بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت کا فوکس آج اور کل عوام کو پٹرول کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنا ہے، اس مقصد کے لیے وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام کے تحت موٹربائیک سواروں، چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں اور طلبہ سمیت کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ موٹربائیک سوار، چنگ چی رکشہ ڈرائیور اور طلبہ کو ہر ہفتے 500 روپے کی رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اس حکومتی ریلیف تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے ہر پٹرول پمپ کے باہر رجسٹریشن کیمپ قائم کیے جائیں گے، جہاں شہریوں کو رجسٹریشن کے حوالے سے مکمل سہولت اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کیمپ میں شہریوں کو 9771 کے ذریعے رجسٹر کیا جائے گا، جبکہ حکومت کی جانب سے ہر مزدور اور ملازمت پیشہ فرد تک اس پروگرام کے بارے میں آگاہی پہنچانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ حقدار شہری اس ریلیف سے مستفید ہوسکیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وہ فیول ریلیف پروگرام کے سسٹم اور طریقۂ کار کا خود جائزہ لینے جا رہے ہیں تاکہ پروگرام کے نفاذ میں کسی قسم کا جھول نہ رہے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے عمل میں شفافیت برقرار رہے۔
قبل ازیں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام کے تحت عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اور خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر کے پٹرول پمپس کی موجودہ صورتحال، رجسٹریشن کے طریقۂ کار اور شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت کے فیول ریلیف پروگرام کے تحت کم آمدنی والے طبقے، بالخصوص موٹر سائیکل، چنگ چی رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو رعایتی قیمت پر فیول کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ضلعی سطح پر پٹرول پمپس کے ڈیٹا اور شہریوں کو اسکیم میں شامل کرنے کے پروسیس پر بھی پیش رفت جاری ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ہدایت کی کہ وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام کے ثمرات عام اور مستحق شہریوں تک پہنچنا انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پٹرول پمپس پر شفافیت، مسلسل نگرانی اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے تاکہ تمام حقدار شہری اس حکومتی ریلیف سے بلا تعطل مستفید ہوسکیں۔
وزیر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیول ریلیف پروگرام کے طریقہ کار اور رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لے کر اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام کو ریلیف کے حصول میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور حکومتی سہولت حقیقی حقدار افراد تک شفاف انداز میں پہنچ سکے۔



