جہلم: شدید گرمی کے باعث جہلم شہر اور مضافاتی علاقوں کے نوجوانوں نے روایتی انداز میں "ٹھنڈ پروگرام” منانے کے لیے دریائے جہلم اور جگو ہیڈ کا رخ کر لیا ہے، جہاں بڑی تعداد میں نوجوان ٹھنڈے پانی میں نہانے اور تفریح میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔
دوپہر کے اوقات میں دریا کے کنارے نوجوانوں کا خاصا رش دیکھنے میں آتا ہے، جہاں وہ دوستوں کے ساتھ مل کر نہ صرف گرمی کا زور توڑتے ہیں بلکہ تربوز کو دریا کے پانی میں ٹھنڈا کر کے خوشگوار لمحات سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔
بعض نوجوان کشتی رانی اور تیراکی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں جبکہ کئی نوجوان پانی میں بیٹھ کر گرمی کی شدت کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
دوسری جانب بزرگوں اور سماجی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ بغیر حفاظتی اقدامات کے گہرے پانی میں جانا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں غیر محفوظ مقامات پر نہانے سے روکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بچے دریا میں جانے پر اصرار کریں تو حفاظتی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
