جہلم: ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں میں نہانے پر عائد پابندی کے باوجود دو نوجوانوں کو نہاتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے پر دفعہ 144 ض ف نافذ ہے تاکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کو پانی میں ڈوبنے جیسے حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
تھانہ سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان محمد عبدالرحمان اور محمد عبداللہ کو دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے گرفتار کیا۔ دونوں نوجوانوں نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریا میں نہا کر قانون کی خلاف ورزی کی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے روکیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم کا مزید کہنا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی تاکہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
