جہلم میں مکہ باہمی دفاعی معاہدے کی مناسبت سے خصوصی تقریب، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ سے اظہار یکجہتی

جہلم: مکہ باہمی دفاعی معاہدے کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال جہلم میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان باہمی دفاعی تعاون، مشترکہ سلامتی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب کی نظامت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی میمونہ انجم نے کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جہلم محمد عبداللہ راجہ اور اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈینیشن ملک عامر شہزاد نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم آویزاں کیے گئے، جبکہ طلبہ و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے۔ بچوں نے مختلف ڈرامے اور ٹیبلوز بھی پیش کیے، جنہیں تقریب کے شرکاء نے خوب سراہا۔ بچوں کی پرفارمنس کے ذریعے تینوں برادر ممالک کے درمیان محبت، اتحاد اور یکجہتی کے جذبات کو اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر مکہ باہمی دفاعی معاہدے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا گیا کہ معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے باہمی سلامتی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ معاہدے کی روح کے مطابق تینوں ممالک میں سے کسی ایک کے خلاف عسکری یا بیرونی جارحیت کو مشترکہ سلامتی کے لیے خطرہ تصور کرتے ہوئے اجتماعی دفاع کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

شرکاء نے اس عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کسی بھی بیرونی جارحیت یا مشترکہ سلامتی کو لاحق خطرے کی صورت میں باہمی تعاون اور مشترکہ دفاعی حکمتِ عملی کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

تقریب کے شرکاء نے مکہ باہمی دفاعی معاہدے کو تینوں برادر ممالک کے درمیان اعتماد، اتحاد اور دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا۔

تقریب میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاران نے شرکت کی۔ طلبہ و طالبات کے ملی نغموں، ڈراموں اور ٹیبلوز نے تقریب میں قومی جذبے کو اجاگر کیا، جبکہ شرکاء نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

Exit mobile version