ویلنٹائن ڈے مغربی تہوار، پاکستان میں یوم حیاء منایا جائے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے خالصتاً مغربی تہوار ہے، مگر اسلام سے دوری اور ایمان کی کمزوری کے باعث یہ تہوار اسلامی ممالک سمیت مختلف خطوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

ویلنٹائن ڈے نہیں یوم حیاء کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معروف سماجی و مذہبی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ اسلامی اقدار اور روایات پر کاربند رہنے میں ہی ہماری بقا ہے۔ کفار نے مسلمانوں کے خلاف روایتی جنگ کی بجائے ثقافتی یلغار کا آغاز کر دیا ہے اور جدید ترین ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے اپنی بے راہ رو ثقافت کو مسلم ممالک تک پہنچا کر نئی نسل کو گمراہی کی راہ پر ڈالنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں 14 فروری کو یوم حیاء کے طور پر منایا جائے اور ویلنٹائن ڈے جیسے بے ہودہ تہوار کی روک تھام کے لیے حکومت مؤثر کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ ویلنٹائن ڈے مکمل طور پر غیر شرعی اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ بے حیائی اور فحاشی پر مبنی یہ تہوار امت مسلمہ کے نوجوانوں کے لیے زہرِ قاتل ہے۔ اسلام نے ہمیں حیاء، ادب اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا درس دیا ہے، جبکہ غیر مسلموں کے یہ تہوار ہماری نوجوان نسل کو بے راہ روی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

سید خلیل حسین کاظمی نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس قسم کی غیر اسلامی اور بے ہودہ رسومات سے خود کو دور رکھیں اور اپنی زندگی کو اسلامی اصولوں کے مطابق گزاریں۔

انہوں نے والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ نوجوانوں کی اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور اسلامی اقدار کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ معاشرے میں حیاء اور شرافت کو برقرار رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button