15مارچ کو”یوم تحفظ ناموس رسالتﷺ“ انتہائی احسن انداز میں منایا جائے گا، مرکزی علماء کونسل جہلم

جہلم: چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی ہدایت کے مطابق ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دنیا بھر میں اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے سلسلہ میں 15مارچ کو”یوم تحفظ ناموس رسالتﷺ“ انتہائی احسن انداز میں منایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے صدر قاری حکیم شبیراحمد، نائب صدر مولانا قاضی محمد ابوبکر، مولانا قاری محمد اشرف، مولانا ذیشان اسحاق، مفتی شیر محمد اور جنرل سیکرٹری مولانا انس الرحمٰن اور دیگر عہدیداران نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں پاکستان میں فتنہ خوارج پھیلتا جارہا ہے۔ ان کی خود ساختہ تعبیرات کی وجہ سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت اور بدگمانی کسی حد تک بڑھ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ خوارج کی سوچ مسلمان معاشروں کیلئے خطرہ ہے۔ علماء اور ریاست پاکستان کے خلاف بندوق اٹھانا جہاد نہیں بلکہ دہشت گردی ہے۔اسلام میں ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا گیا ہے۔ جو قوتیں پاکستان میں علماء، مساجد، مذہبی شخصیات کو دوران نماز اپنی وحشت کا نشانہ بنا رہی ہیں یہ جہاد نہیں ہے بلکہ دہشت گردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی مقامات، علماء، عبادت گاہیں،پولیس اور فوجی اہلکاروں کے خلاف ہتھیار اٹھانا اور اعلان جنگ کرنا شرعا ناجائز اور حرام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا 15مارچ کو اسلام فوبیا سے نبٹنے کے عالمی دن کو بطور ”یوم تحفظ ناموس رسالتﷺ“منانے کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔مرکزی علماء کونسل پاکستان اس حکومتی اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔حکومت کے اس اعلا ن کے مطابق مرکزی علماء کونسل پاکستان تمام صوبوں میں 15مارچ کو ”یوم تحفظ ناموس رسالتﷺ“منائے گی۔



