جہلم سمیت پنجاب بھر کے نجی اسکولوں میں تمام ملازمین کی پولیس ویری فکیشن لازمی قرار

جہلم: حکومت پنجاب نے بچوں کو ہراسانی اور دیگر ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے صوبے بھر کے تمام نجی اسکولوں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن لازمی قرار دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں بچوں کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کرنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ نجی اسکولوں میں اساتذہ، کلاس فور ملازمین، ڈرائیورز، سکیورٹی گارڈز اور چوکیداروں سمیت تمام تدریسی و غیر تدریسی ملازمین کی تقرری سے قبل متعلقہ پولیس یا مجاز اتھارٹی سے کریکٹر ویری فکیشن، بیک گراؤنڈ چیکنگ اور سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کریکٹر ویری فکیشن کے بغیر کسی بھی ملازم کو طلبہ سے براہِ راست رابطے کی ذمہ داری نہیں سونپی جائے گی۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیم نے پنجاب کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ان احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا پابند کریں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کے متعدد نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو مناسب کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن کے بغیر ملازمت دی جا رہی ہے، جو بچوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کر سکتا ہے۔ اسی صورتحال کے پیشِ نظر تمام نجی اسکولوں کے لیے ملازمین کی مکمل جانچ پڑتال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے قوانین میں مزید اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں لا ریفارمز کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں موجودہ قوانین کو مزید مؤثر بنانے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے پبلک پراسیکیوشن رانا بلال احمد نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی اشتراک اور تعاون مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

↑
Exit mobile version