شہریوں کی شکایات میرٹ پر ترجیحی بنیادوں پر حل کی جائیں گی، غفلت یا تاخیر برداشت نہیں ہوگی۔ ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

جہلم: آئی جی پنجاب عبدالکریم کے اوپن ڈور پالیسی وژن کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی جانب سے ڈی پی او آفس میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہریوں کا انعقاد جاری ہے، جہاں شہری بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے مسائل، شکایات اور درخواستیں پیش کر رہے ہیں۔

کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او جہلم نے شہریوں کے مسائل خود سنے اور مختلف درخواستوں پر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری اور ضروری احکامات جاری کیے، جبکہ شہریوں کو ان کے مسائل کے بروقت حل کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور شہریوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو میرٹ پر اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

Exit mobile version