ضلعی ہیلتھ کونسل کمیٹی جہلم کا اجلاس، سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری کا جائزہ لیا گیا

جہلم: ضلع کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے بنیادی سہولیات کی دستیابی اور معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضلعی ہیلتھ کونسل کمیٹی جہلم کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ضلعی ہیلتھ کونسل کمیٹی میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات، انتظامی امور اور ضروری مرمت و بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میاں مظہر حیات، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈاکٹر زاہد تنویر جبکہ سماجی شخصیات ادریس خلیل، فرحت کمال ضیاء اور ساجد امین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ہسپتالوں میں ایئر کنڈیشننگ، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی، بجلی، واش رومز، ضروری مرمت و بحالی اور مریضوں سے متعلق دیگر بنیادی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف شعبوں میں درکار بہتری، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کو فعال رکھنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ مختلف ہسپتالوں میں درکار ضروری کاموں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور دستیاب سہولیات کو فعال رکھنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ مریضوں کے لیے صاف، محفوظ اور مناسب ماحول ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام ضروری سہولیات کی مسلسل دستیابی برقرار رکھی جائے۔ انہوں نے مرمت و بحالی کے کام بروقت مکمل کرنے، صفائی کے معیار کی باقاعدگی سے نگرانی کرنے اور ہسپتالوں میں بنیادی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر نے صحت کے شعبے میں سماجی شخصیات کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے ساتھ سماجی حلقوں کا تعاون مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ہسپتالوں کے ماحول میں بہتری کے لیے معاون ثابت ہو سکتا ہے۔



