جہلم: صوبائی وزیر برائے بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب ذیشان رفیق نے ضلع جہلم کا دورہ کیا اور "ستھرا پنجاب” ایجنسی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن بھی موجود تھے۔
اجلاس میں صفائی کے جاری منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ مینیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم علیزہ ریحان اور ڈسٹرکٹ مینیجر علی مراد نے فیلڈ آپریشنز پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ جدید مشینری کے استعمال سے صفائی کے نظام کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا سجاد نے بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔
ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے صفائی کے نظام کو پائیدار بنانے، عوامی شکایات کے فوری ازالے اور مقامی سطح پر مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی سے ہی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ممکن ہے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ "ستھرا پنجاب” ویژن کے تحت صفائی کے نظام کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور زیرو ویسٹ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے فیلڈ عملہ ہمہ وقت متحرک ہے۔
صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری بھی اس مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ صاف ستھرا ماحول اور صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
