جہلم: وطنِ عزیز کے دفاع کی راہ میں غازیوں اور شہیدوں کی دھرتی جہلم کے ایک اور جواں سال سپوت نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔
کالا گجراں محلہ غازی آباد کے رہائشی نوجوان میثم علی ولد حاجی صفدر نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں مادرِ وطن کے دفاع کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید میثم علی کی نمازِ جنازہ آج بروز اتوار صبح 11 بجے اقراء سکول باغ والا کنواں کالا گجراں میں ادا کی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 35 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ اس دوران وطن کے 12 بہادر جوانوں نے بھی جامِ شہادت نوش کیا جن میں جہلم کا سپوت میثم علی بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 22 خوارج ہلاک کیے گئے جبکہ جنوبی وزیرستان میں ہونے والی ایک کارروائی میں مزید 13 دہشت گرد مارے گئے۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے جوانوں نے جرات و بہادری کی لازوال داستان رقم کی اور مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ترجمان کے مطابق شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ قوم اپنے ان بہادر بیٹوں پر ہمیشہ فخر کرتی رہے گی۔ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل مہمند اور شمالی وزیرستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے خوارج کو ٹھکانے لگایا تھا۔
