پنڈدادنخان سے مویشی چوری کرنے والے چور کو مالکان نے چند گھنٹوں میں پکڑ لیا، دو چور فرار

پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ میں چوری کی واردات کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی مویشی چوری کرنے والے چور چند گھنٹوں بعد چکری انٹرچینج سے پکڑے گئے۔

نیوز لائن کی رپورٹ کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے تھانہ للِہ کی حدود میں واقع گاؤں احمد آباد پنوار میں چوروں نے رات کی تاریکی میں قیصر نامی شخص کے ڈیرہ سے دو قیمتی بھینسیں اور ایک گائے چرا لی۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی مالکان نے فوری طور پر جانوروں کی تلاش شروع کر دی۔

تلاش کے دوران ایک بھینس ٹوبھہ سروس ایریا کے قریب سے مل گئی، تاہم چور ایک بھینس اور ایک گائے کو موٹروے پر کھڑی پک اپ گاڑی میں لوڈ کر کے فرار ہو گئے۔ مالکان نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گاڑی کے ذریعے چوروں کا پیچھا کیا اور چکری انٹرچینج کے قریب پہنچ گئے، جہاں چور اپنی پک اپ گاڑی کھڑی کر کے چائے پی رہے تھے۔

اس موقع پر مالکان نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے چوروں کو گھیر لیا اور ایک چور کو موقع پر ہی دھر لیا جبکہ دو چور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مالکان نے اپنا مال مویشی موقع پر برآمد کر لیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ للِہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پکڑے گئے چور کو حراست میں لے لیا جبکہ پک اپ گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چور پشاور کی جانب فرار ہونے کا ارادہ رکھتے تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور مزید وارداتوں کے انکشافات متوقع ہیں۔

Exit mobile version