دریائے جہلم میں کشتی اُلٹنے کے حادثے کا مقدمہ درج، جاں بحق بچوں اور خواتین کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

پنڈدادنخان/ جہلم/ ملکوال: سگھر پور کے قریب دریائے جہلم میں کشتی اُلٹنے کے حادثے کا مقدمہ درج کر لیا گیا،حادثہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں اور خواتین کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ سگھر پور کے قریب دریائے جہلم میں کشتی ڈوبنے سے 4 بچے اور 2 خواتین جاں بحق ہوگئے تھے، واقعہ کا مقدمہ منڈی بہاؤالدین کے تھانہ ملکوال میں رضوان حیدر ساکن سگھر پور کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق کشتی دریائے جہلم میں سگھر پور سے نور پور پیراں ملکوال جا رہی تھی، کشتی بیڑے میں پانی داخل ہونے سے گاڑی دریائے جہلم میں جا گری، جس کے نتیجے میں کار میں سوار ایک ہی خاندان کے 6 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

ایف آئی آر متن میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق افراد میں عظمت بی بی، شہناز بی بی، غیور، شاہ میر، رعنا شہیر شامل ہیں ، چپو بیڑا پر کار میں موجود فیملی سمیت سوار ہوئے، اس پر 25 سے 30 موٹرسائیکل لوڈ تھے، سگھر پور دریا کے کنارے ایک انجن اور دوسرا چپو والا بیڑا تھا ، بدقسمت خاندان کے افراد کار سمیت چپو والے بیڑے پر سوار ہوئے۔

ایف آئی آر متن کے مطابق دوسرے انجن والے بیڑے پر 50 سے 60 افراد سوار تھے ، کشتی بیڑے میں حفاظتی جیکٹ اور جنگلے نہ ہونے سے حادثہ پیش آیا۔

کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 4 بچوں اور 2 خواتین کی نماز جنازہ گزشتہ شب آبائی گاؤں پیراں والا میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی، رفاعی، فلاحی اور شہری تنظیموں کے عمائدین سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد جبکہ سابق پارلیمانی سیکرٹری چوہدری نذر حسین گوندل، ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین شاہد عمران مارتھ اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اسامہ شیرون نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

کشتی سانحہ میں معصوم اموات پر علاقہ میں سوگ کا سما ں رہا اور ہر آنکھ اشک بار رہی۔

اس موقع پر شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ دن 11 بجے پیش آیا ، بدقسمتی سے ضلعی انتظامیہ کاکوئی نمائندہ بھی خبر گیری کے لئے نہیں پہنچا جبکہ اس سانحہ کے ذمہ دار ڈسٹرکٹ کونسل جہلم کے افسران ہیں جن کی غفلت و لاپرواہی کیوجہ سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ،چیف سیکرٹری پنجاب چوہدری زاہد زمان سے مطالبہ کیاہے کہ اس واقعہ کا مقدمہ جہلم کی ضلعی انتظامیہ کے خلاف درج ہونا چاہیئے کہ انتظامیہ کشتی مالکان کو حفاظتی جیکٹس اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کا پابند بنائیں ۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button