حکومت کا مہنگائی کی شرح کم ہونے کا دعویٰ؛ ایک ہفتے میں 11 اشیا مزید مہنگی

جہلم: حکومت نے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی کا دعویٰ کیا ہے جب کہ دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

ملک میں 2ہفتے مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں اضافے کی رفتار کی شرح میں 0 اعشاریہ 35 کمی واقع ہوئی ہے جب کہ ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح منفی 1 اعشاریہ 20 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں، جس کے مطابق ایک ہفتے میں 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 18 اشیا کی قیمتوں میں کمی جب کہ 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں پرنٹڈ لان کی قیمت میں 2 اعشاریہ 90فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں1 اعشاریہ 53 فیصد، لانگ کلاتھ کی قیمتوں میں1 اعشاریہ 23 فیصد، بریڈکی قیمتوں میں0 اعشاریہ 55 فیصد، سگریٹ کی قیمتوں میں0 اعشاریہ 27 فیصد، بیف کی قیمتوں میں 0 اعشاریہ 25فیصد،دہی کی قیمتوں میں0 اعشاریہ 24 فیصد اور نمک کی قیمتوں میں0 اعشاریہ 03 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

علاوہ ازیں آلو کی قیمتوں میں2 اعشاریہ 05 فیصد،پیاز کی قیمتوں میں6 اعشاریہ 07 فیصد، ٹماٹرکی قیمتوں میں7 اعشاریہ 08 فیصد،لہسن کی قیمتوں میں5 اعشاریہ 59 فیصد،انڈو ں کی قیمتوں میں6 اعشاریہ 64 فیصد،دال چنا کی قیمتوں میں1 اعشاریہ 60 فیصد، چائے کی پتی کی قیمتوں میں1 اعشاریہ 30 فیصد،چینی کی قیمتوں میں0 اعشاریہ 87 فیصد اور آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں0 اعشاریہ 60 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی شرح0 اعشاریہ 0 اعشاریہ 39فیصدکمی کے ساتھ منفی1 اعشاریہ 84 فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی شرح 0 اعشاریہ 35فیصدکمی کے ساتھ منفی2فیصد رہی۔

اسی طرح 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی شرح0 اعشاریہ 39فیصدکمی کے ساتھ منفی1 اعشاریہ 70فیصد کمی واقع ہوئی البتہ 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی شرح0 اعشاریہ 40فیصدکمی کے ساتھ منفی 1 اعشاریہ 12فیصد رہی۔

اسی طرح 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی شرح0 اعشاریہ 36فیصدکمی کے ساتھ منفی 0 اعشاریہ 49فیصدرہی ہے۔

Exit mobile version