ریسکیو 1122 جہلم نے اگست میں 3911 افراد کو ریسکیو کیا

جہلم: ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریسکیو 1122 کی ماہ اگست 2026 کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 جہلم نے گزشتہ ماہ بروقت رسپانس کرتے ہوئے مجموعی طور پر 3911 افراد کو ریسکیو کیا۔

کارکردگی رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 نے 2040 مریضوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جبکہ فوری طبی امداد کے بعد 1780 مریضوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ماہ اگست کے دوران ریسکیو ٹیموں نے مجموعی طور پر 3521 ایمرجنسی کالز پر رسپانس کیا۔

رپورٹ کے مطابق ان ایمرجنسیز میں 379 روڈ ٹریفک حادثات، 2560 میڈیکل ایمرجنسیز، آگ لگنے کے 12 واقعات، کرائم کے 44 واقعات، چھت گرنے کے 3 واقعات، ڈوبنے کے 2 واقعات جبکہ 521 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔

بارشوں اور فلیش فلڈ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر اگست کے دوران جہلم سٹی، ڈومیلی، بڑا گواہ، گوڑا چوہدریاں اور نوگراں سمیت مختلف مقامات پر ریسکیو سیکٹرز قائم رکھے گئے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

ریسکیو 1122 جہلم نے اگست کے دوران بہتر رسپانس ٹائم کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اوسطاً 8 منٹ کے رسپانس ٹائم کے ساتھ متاثرہ افراد کو امدادی خدمات فراہم کیں۔

کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت ضلع بھر کی ہائی رائز عمارتوں کے فائر سیفٹی سروے کیے گئے اور فرضی مشقوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ مختلف اداروں میں فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسکاؤٹس کے لیے CADRE ٹریننگ بھی جاری رہی۔

ماہ اگست کے دوران ضلع جہلم کے DHQ، THQ، RHC اور مختلف تحصیلوں کے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی ڈرلز بھی منعقد کی گئیں۔ ان مشقوں کا مقصد ہسپتال انتظامیہ اور عملے کو آگ لگنے یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری، مؤثر اور منظم حفاظتی اقدامات، فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی رسپانس کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت ضلع جہلم سے 144 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تاکہ انہیں مزید بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے ریسکیورز کی ماہانہ کارکردگی کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم ہر وقت قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں شہریوں کو بہترین ممکنہ امدادی خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

Exit mobile version