جہلم: اساتذہ کو فلمیں دیکھنے کا ٹاسک دینے والے ڈپٹی ڈی او معطل، وزیر تعلیم بھی میدان میں آ گئے

جہلم: اساتذہ کو فلمیں دیکھنے کا ٹاسک دینے والے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جہلم راؤ عبدالکریم کو معطل ہوئے پانچ روز گزر گئے، صوبائی وزیر تعلیم بھی ڈپٹی ڈی او کے حق میں میدان میں آ گئے، ڈپٹی ڈی او کو فوری بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جہلم کے حق میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر ایک صارف کی پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی ڈی او راؤ عبدالکریم ہمارے ہیرو ہیں، تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے لگن کی ایک مثال ہیں۔

صوبائی وزیر رانا سکندر نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ راؤ عبدالکریم اساتذہ کے معیار اور تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لئے کوشش کرتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی سے رابطہ ہوا تھا، آج شام تک راؤ عبدالکریم کو بحال کردیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ابھی تک ڈپٹی ڈی او کے بحالی کے آرڈر جاری نہیں ہوئے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل محکمہ تعلیم جہلم کے ڈپٹی ڈی او راؤ عبدالکریم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں اساتذہ کو تعطیلات کے دوران بالی وڈ اور ہالی وڈ کی فلمیں دیکھنے کا ٹاسک دیا گیا۔

اساتذہ کے ہوم ورک کے اس خصوصی نوٹیفکیشن میں انہیں اگلے تعلیمی سیشن کے لیے سبق کی منصوبہ بندی کا رجسٹر تیار کرنے اور اپنے مضمون کی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی جس کا امتحان ان سے ستمبر اکتوبر میں لیا جانا ہے۔

اس کے ساتھ اساتذہ کو کسی کتاب کا مطالعہ کر کے اس کا ریویو لکھنے اور اسے اسسٹنٹ ایجوکیشن افسر کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی، جس پر اسسٹنٹ ایجوکیشن افسر نہ صرف ان کا انٹرویو کرے گا بلکہ کتاب پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں نوٹیفکیشن میں کچھ تعلیمی ویب سائٹ کے ایڈریس بھی درج ہیں جن سے اساتذہ کو مدد لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ تاہم سب سے انوکھا ٹاسک اساتذہ کو تعلیمی تصورات بہتر بنانے کے لیے بالی وڈ اور ہالی وڈ کی کچھ فلمیں دیکھنے کا دیا گیا۔

ان فلموں میں بالی وڈ کی ‘تارے زمین پر، ہچکی، آئی ایم کلام، اور سودیس’ جبکہ ہالی وڈ کی ‘آ بیوٹی فل مائنڈ، فاریسٹ گمپ، تھیوری آف ایوری تھنگ، پرسوایٹ آف ہیپی نیس، گُڈ ڈائنا سور، وال وی، گُڈ وِل ہنٹنگ، گریٹ ڈبیٹر، اسپرٹ، اَپ اور اسپرٹڈ اوے شامل ہیں۔

اس انوکھے ٹاسک کے سبب یہ نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، متعدد صارفین نے اسے حیرت انگیز طور پر مثبت اقدام قرار دیا جبکہ زیادہ تر صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

تا ہم محکمہ تعلیم کے آرڈر کی کاپی سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم نے نوٹس لیا اور نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا جبکہ متعلقہ آفیسر کیخلاف انکوائری مکمل ہونے کے بعد معطل کردیا گیا۔

Exit mobile version