جلالپور شریف میں زیر تعمیر دو رویہ سڑک کے نکاسی آب کے نالے کے رخ پر تنازع شدت اختیار کر گیا

پنڈدادنخان: ضلع جہلم کی تاریخی یونین کونسل جلالپور شریف میں زیرِ تعمیر دو رویہ سڑک کے کنارے نکاسی آب کے نالے کی تعمیر اور اس کے رخ کے حوالے سے تنازع شدت اختیار کرنے لگا ہے، جس پر ایک مقامی شہری نے ایکسین ہائی وے کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کی یوسی جلالپور شریف میں زیرِ تعمیر دو رویہ سڑک کے ساتھ نکاسی آب کے نالے کی تعمیر کے معاملے پر مقامی شہریوں اور محکمہ ہائی وے کے درمیان اختلاف پیدا ہوگیا ہے۔ متاثرین کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نکاسی آب کے نالے کا رخ برساتی نالے کی جانب کرنے کے بجائے مبینہ طور پر قبرستان کی طرف موڑا جا رہا ہے، جس پر مقامی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ اگر نکاسی آب کے نالے کا رخ قبرستان کی جانب کیا گیا تو اس سے نہ صرف قبروں کی حرمت متاثر ہونے کا خدشہ ہے بلکہ گندے پانی، بدبو اور تعفن کے باعث قبرستان سے ملحقہ آبادی کے مکینوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

شہریوں کے مطابق اس صورتحال کے باعث اپنے پیاروں کی قبروں پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے لیے آنے والے افراد کو بھی مشکلات پیش آنے کا خدشہ ہے۔ متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کی تعمیر اس انداز میں کی جائے کہ برساتی اور گندے پانی کا مناسب اخراج ممکن ہو اور قبرستان کی حرمت، قریبی آبادی اور ماحول کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

معاملے پر ایک مقامی شہری نے ایکسین ہائی وے کے خلاف معزز عدالت سے رجوع کیا، جس پر عدالت نے محکمہ ہائی وے کے متعلقہ ذمہ داران کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ عدالت کی جانب سے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔

مقامی شہریوں اور متاثرین نے امید ظاہر کی ہے کہ معاملے کا قانونی اور انتظامی طور پر جائزہ لیتے ہوئے ایسا حل تلاش کیا جائے گا جس سے زیرِ تعمیر سڑک کے نکاسیٔ آب کا مسئلہ بھی مناسب انداز میں حل ہو اور قبرستان کی حرمت، ملحقہ آبادی اور شہریوں کے مفادات بھی محفوظ رہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button