پنڈدادنخان : دریالہ جالب میں دورانِ کوریج صحافی کا موبائل چھیننے، بدتمیزی کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان نے ملزم ذیشان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے صحافی راجہ ندیم جنجوعہ عوامی شکایات پر دریالہ جالب کے تجارتی مرکز پہنچے، جہاں الفتح موبائل زون کے مالک ذیشان کی جانب سے رمضان نگہبان پیکج کے تحت ملنے والے 10 ہزار روپے کے چیک کی نقد ادائیگی میں 200 روپے کی غیر قانونی کٹوتی کی جا رہی تھی۔
جب راجہ ندیم جنجوعہ نے اس غیر قانونی عمل پر سوال اٹھایا کہ مستحق افراد کو مکمل رقم کیوں نہیں دی جا رہی تو ملزم ذیشان طیش میں آگیا، ان کا مائیک چھین لیا، بدتمیزی کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگا۔
صحافی راجہ ندیم جنجوعہ نے بروقت 15 پر کال کر کے پولیس کو صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور دکان کو سیل کر دیا۔
عوامی و سماجی حلقوں نے راجہ ندیم جنجوعہ کی جرات مندانہ صحافت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غرباء کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر کو بے نقاب کر کے ایک اہم عوامی مسئلے کو اجاگر کیا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستحق افراد کو ان کا پورا حق مل سکے۔
