دینہ: مارکیٹ کمیٹی دینہ کے زیرِ نگرانی غلہ منڈی میں خریداری کرنے والے شہریوں سے 150 روپے وصول کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی روز سے غلہ منڈی دینہ کے باہر ایک شخص موجود ہوتا ہے، جو غلہ منڈی سے خریداری کر کے باہر آنے والے ہر گاہک سے 150 روپے وصول کرتا ہے اور اس کے بدلے ایک رسید تھما دیتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس رسید پر نہ تو کوئی بک نمبر درج ہوتا ہے اور نہ ہی رسید نمبر لکھا ہوتا ہے، صرف غلہ منڈی دینہ کا نام درج ہوتا ہے۔
شہریوں کے مطابق پہلے خریداروں سے 100 روپے وصول کیے جاتے تھے، تاہم اب اس رقم میں 50 روپے کا اضافہ کر کے 150 روپے وصول کیے جا رہے ہیں، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام پر اضافی مالی بوجھ قرار دیا ہے۔
دینہ کے شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ خریداروں سے وصول کی جانے والی اس رقم کی قانونی حیثیت کیا ہے اور اس کی وصولی کا باقاعدہ طریقہ کار کیا ہے؟ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اس معاملے کی جانچ پڑتال کی جائے اور اگر یہ وصولی غیر قانونی یا غیر ضروری ہے تو اسے فوری طور پر بند کرایا جائے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ غلہ منڈی دینہ میں خریداروں سے 150 روپے وصول کیے جانے کا فوری نوٹس لیا جائے، اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں اور رسیدوں کے طریقہ کار کو بھی چیک کیا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں پہلے ہی عوام کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، ایسے میں خریداری کرنے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے اس وصولی کا خاتمہ کیا جائے اور مبینہ طور پر جاری کی جانے والی پرچیوں کا سلسلہ بند کرایا جائے۔
