پنڈدادنخان: وزیر مملکت برائے ریلویز بلال اظہر کیانی سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم کے ممبران کے ایک نمائندہ وفد نے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وکلاء نے بلال اظہر کیانی کو وفاقی کابینہ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام، قانون کی بالادستی اور عام شہریوں کو انصاف کی بروقت فراہمی میں وکلاء کا کردار انتہائی قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز نہ صرف وکلاء برادری کی نمائندہ تنظیمیں ہیں بلکہ یہ آئین و قانون کے تحفظ میں ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی، آئین کی سربلندی اور عوامی فلاح کے لیے وکلاء برادری کی کاوشیں ناقابل فراموش ہیں۔ وکلاء نے ہمیشہ ہر نازک وقت میں عدلیہ اور جمہوریت کا ساتھ دیا ہے۔
ملاقات کے دوران پنڈدادنخان بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بلال اظہر کیانی کو بار کے دورے کی باضابطہ دعوت دی، جسے وزیر مملکت نے شکریے کے ساتھ قبول کر لیا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں باہمی تعاون اور رابطے کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
