آر پی او بابر سرفراز کا جہلم کا دورہ؛ کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے، سیکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا

جہلم: آر پی او راولپنڈی ڈویژن بابر سرفراز الپا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ جہلم شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف پولیس دفاتر اور اہم اداروں کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہدایات دیں۔

آر پی او راولپنڈی نے تھانہ سول لائنز میں منعقد ہونے والی کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری لانے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا۔

اس موقع پر شہریوں نے اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کی کھلی کچہریاں عوام کو براہ راست اپنے مسائل پیش کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہیں۔

آر پی او راولپنڈی نے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات کی اہمیت کو تسلیم کیا کہ ان کچہریوں کے ذریعے دور دراز علاقوں میں بسنے والے شہریوں کے مسائل بھی حل کیے جا سکتے ہیں۔

اس کے بعد آر پی او راولپنڈی نے تھانہ سٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فرنٹ ڈیسک اور SIPs پروٹوکول کا جائزہ لیا اور پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور مسائل کے حل کے لیے بہترین خدمات فراہم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری تنصیبات ملک و قوم کی امانت ہیں اور ان کی دیکھ بھال کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

آر پی او راولپنڈی نے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفس جہلم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے دفتر کے ریکارڈ اور عمارت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔

آر پی او راولپنڈی نے پولیس خدمت مرکز جہلم کا بھی دورہ کیا اور وہاں کی صفائی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ شہریوں سے اچھے اخلاق سے پیش آئیں اور انہیں بہترین خدمات فراہم کریں۔

رمضان بازار میں سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی نے افسران کو الرٹ رہ کر ڈیوٹی سرانجام دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ میٹل ڈیٹیکٹرز اور بیرئیرز کا استعمال کیا جائے تاکہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

آر پی او راولپنڈی نے شہداء کی فیملیز سے ملاقات بھی کی اور ان کے بچوں کی تعلیم اور مستقبل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور ان کی ویلفیئر کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

آخر میں آر پی او راولپنڈی نے اردل روم میں پولیس افسران و اہلکاران کو بہترین طریقہ سے فرائض کی انجام دہی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ضروری ہے اور اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن، اور غفلت پر سخت محاسبہ کیا جائے گا۔

آر پی او بابر سرفراز الپا نے اپنے دورے کے دوران مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور یہ یقین دہانی کرائی کہ پولیس افسران اور اہلکار عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button