جہلم پولیس کے غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف سرچ و کمبنگ آپریشنز جاری

جہلم: ضلع جہلم میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف روزمرہ کی بنیاد پر سرچ اور کمبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جدید طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے گھروں، کرایہ داروں اور مشتبہ مقامات کی چیکنگ کی جا رہی ہے، جبکہ شناختی دستاویزات کی بھی مکمل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی کی جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ یہ آپریشنز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی نگرانی میں جاری ہیں۔

پولیس کا مؤقف ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور غیر قانونی سرگرمیوں کا سدباب کرنا ہے، جبکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Exit mobile version