جہلم: عدالت نے تھانہ صدر جہلم میں درج منشیات فروشی کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر مجرم ندیم اشرف کو 10 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ صدر میں منشیات فروشی کے خلاف درج مقدمہ نمبر 86/25، بجرم CNSA 9(1)3D کا فیصلہ معزز عدالت نے سنایا۔ پولیس کے مطابق مجرم ندیم اشرف نے سال 2025 میں منشیات کے جرم کا ارتکاب کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق جہلم پولیس نے جدید تفتیشی اور تکنیکی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا، جبکہ مقدمہ کی تفتیش مکمل کرنے کے بعد ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے مقدمہ کی مؤثر پیروی اور تفتیش کے نتیجے میں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ندیم اشرف کو 10 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ منشیات کے مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
