جہلم: جنرل سیکرٹری اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان منتخب ہونے پر حافظ عبدالغفور مدنی کا اہل جہلم کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا جبکہ حافظ عمر عبدالحمید اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان کے صدر منتخب ہو گئے۔
اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث، اہل حدیث یوتھ فورس، اور اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع جہلم کے کارکنان کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔
استقبال جی ٹی روڈ جہلم پل سے شروع ہوا اور قافلہ براستہ چھاؤنی چوک، جی ٹی ایس چوک، شاندار چوک، اور فریشکو بیکری سے گزرتا ہوا جامعہ علوم اثریہ پہنچا۔ جامعہ میں پہنچنے پر حافظ عبدالغفور مدنی اور حافظ عمر عبدالحمید کا جامعہ کے اساتذہ، طلبہ اور دیگر معزز شخصیات کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ جامعہ کے اساتذہ میں مولانا حافظ عبداللہ، قاری غلام رسول، مدیر التعلیم مولانا عکاشہ مدنی، پرنسپل اثریہ اسکول اینڈ کالج محمد زاہد خورشید اور ایڈمن بدر خورشید شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالغفور مدنی نے اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کو منظم کرنے اور اس کے اہداف کے حصول کے لیے دن رات محنت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد اسلامی اقدار کو فروغ دینا اور ہر پلیٹ فارم پر ان کا دفاع کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہل حدیث نوجوانوں کی ایسی ٹیم تیار کی جائے گی جو تبلیغ دین اور خدمت انسانیت کے لیے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرے۔
حافظ عبدالغفور مدنی نے اہل جہلم کی جانب سے شاندار استقبال پر ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر حافظ عمر عبدالحمید نے بھی خطاب کیا اور سٹوڈنٹس فیڈریشن کے نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ طلبہ کے بہتر مستقبل اور دینی اقدار کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
تقریب میں شرکت کرنے والے افراد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دینی اقدار کو مضبوط کرنے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اپنے قائدین کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
