جہلم: عید کے دوران جہلم پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ون ویلنگ کرنے والے 7 نوجوان کو گرفتار کر کے 20 موٹرسائیکلز ضبط کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کے پُرمسرت ایام کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جہلم پولیس کا بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہا، جس کے دوران سٹی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق پولیس نے ون ویلنگ، غفلت، لاپرواہی اور تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلانے والے 7 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ کارروائیوں کے دوران 20 موٹر سائیکلز، جو بغیر نمبر پلیٹ اور بغیر کاغذات کے تھیں، قبضہ پولیس میں لے لی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ ایک خطرناک اور جان لیوا عمل ہے جو نہ صرف اسے کرنے والے بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیوں کے لیے بھی شدید خطرہ بن سکتا ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس مہلک رجحان سے دور رکھیں اور انہیں ٹریفک قوانین کی پابندی کا پابند بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
