ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ کا جی ٹی ایس چوک اور شاداب روڈ کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

جہلم: پی ڈی پی واسا اسکیم کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور تعمیراتی معیار کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے جی ٹی ایس چوک اور شاداب روڈ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اشتیاق اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا عمران ریاض گھمن بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو جاری تعمیراتی سرگرمیوں، منصوبوں کے مختلف پہلوؤں اور نکاسی آب کے نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

جی ٹی ایس چوک پر ڈرین کے معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کی مجموعی لاگت اور تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے سامان کی مقدار کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد بہتر نکاسی آب کی سہولت میسر آ سکے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے شاداب روڈ پر ساحل کالونی کی جانب مکمل کی گئی نکاسی آب کی لائن کا معائنہ کیا اور منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے موقع پر موجود نالے کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کے نظام کو مؤثر اور فعال رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button