سوہاوہ: تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقوں چک میرا اور ڈھوک خوشحال کے رہائشیوں کی دیرینہ مشکلات کے پیشِ نظر اہلِ گوڑھا اتم سنگھ نے اپنی قیمتی زمین سے فی سبیل اللہ راستہ فراہم کرکے خدمتِ خلق، بھائی چارے اور انسانی ہمدردی کی شاندار مثال قائم کر دی۔ مخیر افراد کے اس اقدام کو اہلِ علاقہ کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ علاقوں کے رہائشی عرصہ دراز سے آمدورفت کے لیے مناسب راستے کی سہولت سے محروم تھے، جس کے باعث انہیں روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اہلِ گوڑھا اتم سنگھ کے مخیر افراد نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی قیمتی زمین سے بلا معاوضہ راستہ فراہم کر دیا، جس سے دونوں آبادیوں کے مکینوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آنے کی امید ہے۔
اس کارِ خیر میں کالا خان بیکری کے حاجی احمد کی خصوصی کاوشیں بھی شامل ہیں، جنہوں نے اس نیک مقصد کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔
راستہ فراہم کرنے والے مخیر افراد میں ماسٹر راجہ محمد ظہور احمد مرحوم، چیئرمین راجہ عبدالستار، جنرل کونسلر راجہ محمد منشاء، صوبیدار محمد عزیز، راجہ لیاقت علی، راجہ محمد آزاد، راجہ محمد مصطفیٰ، راجہ تالش، راجہ قمر، محمد شفیق، راجہ محمد اعجاز، مرحوم راجہ عابد پٹواری، صوبیدار راجہ تفسیر، ملک عبدالقیوم، ملک محمد مختار، راجہ محمد افضل، راجہ غلام حسین، ملک ملازم حسین، صوبیدار مرزا شریف، مرحوم راجہ مختار حسین، مرحوم راجہ کرامت حسین اور راجہ کامران شامل ہیں۔
اہلِ گوڑھا اتم سنگھ کا یہ اقدام علاقائی اتحاد، باہمی تعاون، ایثار اور قربانی کی بہترین مثال ہے۔ اپنی ذاتی زمین عوامی سہولت کے لیے وقف کرنا نہ صرف قابلِ تحسین عمل ہے بلکہ دوسروں کے لیے بھی خدمتِ خلق کا ایک مثبت پیغام ہے۔
علاقے کے عوام نے اس کارِ خیر میں حصہ لینے والے تمام مخیر افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ راستے کی فراہمی سے چک میرا اور ڈھوک خوشحال کے رہائشیوں کو درپیش آمدورفت کی مشکلات میں کمی آئے گی۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ سرکاری ادارے اور منتخب عوامی نمائندے بھی اس جانب خصوصی توجہ دیتے ہوئے مذکورہ راستے کی پختہ تعمیر کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ اہلِ علاقہ کو مستقل بنیادوں پر آمدورفت کی بہتر اور محفوظ سہولیات میسر آ سکیں۔
اللہ تعالیٰ اس کارِ خیر میں حصہ لینے والے تمام مرحومین کی مغفرت فرمائے اور دیگر معاونین کو اس نیکی کا اجرِ عظیم عطا فرمائے۔
