پنڈدادنخان تا کھیوڑہ روڈ کو دو رویہ بنانا انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم کی معروف سماجی و مذہبی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے پنڈدادنخان تا کھیوڑہ روڈ پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور ان کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم شاہراہ کو دو رویہ سڑک میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں یہ منصوبہ محض ایک ترقیاتی ضرورت نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔

میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ پنڈدادنخان سے کھیوڑہ کا فاصلہ محض چند کلومیٹر ہے، لیکن اس مختصر شاہراہ پر ٹریفک کا دباؤ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ کھیوڑہ سے نمک سمیت مختلف معدنیات کی ترسیل کے ذریعے حکومت کو روزانہ لاکھوں اور ماہانہ کروڑوں روپے کا ریونیو حاصل ہوتا ہے، جبکہ پنڈدادنخان سے کھیوڑہ اور دیگر صنعتی و معدنی مراکز تک درجنوں ٹرالرز، ہیوی گاڑیاں اور ٹریکٹر ٹرالیاں روزانہ نمک، سوڈا ایش، کوئلہ، سیمنٹ اور دیگر معدنی مصنوعات لے کر پنجاب کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جانب اس شاہراہ پر بھاری ٹریفک کی مسلسل آمدورفت جاری ہے تو دوسری جانب سڑک کے دو رویہ نہ ہونے کے باعث چھوٹی گاڑیوں، موٹر سائیکل سواروں اور مسافر ٹرانسپورٹ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تنگ سڑک پر ہیوی ٹریفک کی آمدورفت، اوورٹیکنگ اور گاڑیوں کے آمنے سامنے آنے کی صورتحال حادثات کے خطرات میں اضافہ کر رہی ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ اس شاہراہ پر پیش آنے والے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہو رہا ہے، جس کے باعث کئی خاندان عمر بھر کے لیے غم اور مشکلات میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

سید خلیل حسین کاظمی نے مزید کہا کہ کھیوڑہ کا شمار ملک کے اہم معدنی و صنعتی مراکز میں ہوتا ہے، جہاں سے قومی معیشت کے لیے اہم معدنی وسائل فراہم کیے جاتے ہیں۔ ایسے اہم صنعتی علاقے کو ملانے والی شاہراہ کا دو رویہ نہ ہونا نہ صرف ٹریفک کی روانی بلکہ مسافروں، مقامی آبادی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ جس علاقے سے قومی خزانے کو خاطر خواہ آمدن حاصل ہو رہی ہے، وہاں کے عوام کو بھی محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر مواصلات اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ پنڈدادنخان تا کھیوڑہ روڈ کو دو رویہ بنانے کے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر منظور کیا جائے، اس کے لیے ضروری فنڈز مختص کیے جائیں اور تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل تک فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں، جن میں ٹریفک سائن بورڈز کی تنصیب، رفتار کی حد پر عملدرآمد اور ہیوی ٹریفک کی مؤثر نگرانی شامل ہے، تاکہ مزید قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ سڑکیں صرف آمدورفت کا ذریعہ نہیں بلکہ انسانی زندگیوں کے تحفظ اور معاشی ترقی کی ضامن ہوتی ہیں، لہٰذا پنڈدادنخان تا کھیوڑہ کی اس اہم شاہراہ کو دو رویہ بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

↑
Exit mobile version