جہلم شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں آوارہ مویشیوں کی بھرمار، ٹریفک حادثات کا خدشہ بڑھ گیا

جہلم شہر کی اندرونی سڑکوں اور گلیوں میں آوارہ مویشیوں کی آزادانہ نقل و حرکت شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بن گئی ہے۔ سڑکوں پر گھومتے مویشی نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کر رہے ہیں بلکہ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرواتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے بعض علاقوں میں مال مویشی رکھنے والے افراد اپنے جانوروں کو گھروں یا کسی مقررہ جگہ پر باندھنے کے بجائے کھلا سڑکوں اور گلیوں میں چھوڑ دیتے ہیں، جہاں یہ مویشی دن بھر آزادانہ گھومتے دکھائی دیتے ہیں۔ آوارہ مویشی نہ صرف سڑکوں کے کناروں اور گرین بیلٹس میں لگائے گئے پودوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ اچانک سڑک کے درمیان آ جانے سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے۔

خصوصاً موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے یہ صورتحال انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اچانک سامنے آنے والے جانور سے بچنے کی کوشش میں گاڑیاں آپس میں ٹکرا سکتی ہیں، جبکہ موٹر سائیکل سوار توازن برقرار نہ رکھ پانے کے باعث سڑک پر گر کر زخمی ہو سکتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکیں عوام کی آمدورفت کے لیے ہیں، انہیں مویشیوں کے لیے چراگاہ بنانا کسی صورت مناسب نہیں۔ ایک طرف شہریوں کو ٹریفک کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو دوسری جانب سرکاری وسائل سے گرین بیلٹس پر لگائے گئے پودے بھی مویشیوں کی وجہ سے تباہ ہو رہے ہیں، جس سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو پابند کیا جائے کہ آوارہ مویشیوں کو سڑکوں سے ہٹانے، ان کے مالکان کی نشاندہی کرنے اور قانون کے مطابق کارروائی کے لیے مستقل بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، تاکہ کسی ناخوشگوار حادثے سے پہلے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور شہر کی خوبصورتی بھی برقرار رہے۔

↑
Exit mobile version